دس جنتی صحابہ عشرہ مبشرہ کے نام اور فضیلت

عشرہ مبشرہ، اسلامی تاریخ میں دس صحابہ کرامؓ جن کو نبی اکرم ﷺ نےدنیاں ہی میں جنت کی ضمانت اور بشارت سنا دی تھی۔ ان دس صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ عنھم کو ”عشرہ مبشرہ“ کہا جاتا ہے۔ یہ وہ صحابہ ہیں جنہوں نے اسلام کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دی ہے اور ان کی فضیلت قرآن و حدیث میں بھی بیان ہوئی ہے۔ حضور ﷺ نے ان کے ایمان، جہاد اور قربانیوں کی وجہ سے انہیں جنت کی خوشخبری سنائی۔ ان کی زندگیاں مسلمانوں کے لیے نمونہ ہیں

:دس جنتی صحابہ کرامؓ عشرہ مبشرہ کے نام

دس جنتی صحابہ کرامؓ یعنی عشرہ مبشرہ کے نام درج ذیل احادیث مبادکہ میں وارد ہوئے ہیں۔

حدیث نمبر1

عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ، قَالَ:‏‏‏‏ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:‏‏‏‏ أَبُو بَكْرٍ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعُمَرُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعُثْمَانُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعَلِيٌّ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَطَلْحَةُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَالزُّبَيْرُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَوْفٍ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَسَعْدٌ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَسَعِيدٌ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَأَبُو عُبَيْدَةَ بْنُ الْجَرَّاحِ فِي الْجَنَّةِ۔ 

ترجمہ۔
عبدالرحمٰن بن عوف رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ابوبکر جنتی ہیں، عمر جنتی ہیں، عثمان جنتی ہیں، علی جنتی ہیں، طلحہ جنتی ہیں، زبیر جنتی ہیں، عبدالرحمٰن بن عوف جنتی ہیں، سعد جنتی ہیں، سعید جنتی ہیں اور ابوعبیدہ بن جراح جنتی ہیں ( رضی اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین )
رواہ الترمذی (3747)

سعد سے مراد حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالٰی عنہ اور سعید سے مراد حضرت سعید بن زید رضي اللہ تعالٰی عنہ ہیں۔

حدیث نمبر2

‏‏‏‏‏‏عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ الْأَخْنَسِ أَنَّهُ كَانَ فِي الْمَسْجِدِ فَذَكَرَ رَجُلٌ عَلِيًّ عَلَيْهِ السَّلَام، ‏‏‏‏‏‏فَقَامَ سَعِيدُ بْنُ زَيْدٍ، ‏‏‏‏‏‏فَقَالَ:‏‏‏‏ أَشْهَدُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنِّي سَمِعْتُهُ، ‏‏‏‏‏‏وَهُوَ يَقُولُ:‏‏‏‏ عَشْرَةٌ فِي الْجَنَّةِ:‏‏‏‏ النَّبِيُّ فِي الْجَنَّةِ وَأَبُو بَكْرٍ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعُمَرُ، ‏‏‏‏‏‏فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعُثْمَانُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعَلِيٌّ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَطَلْحَةُ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَالزُّبَيْرُ بْنُ الْعَوَّامِ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَسَعْدُ بْنُ مَالِكٍ فِي الْجَنَّةِ، ‏‏‏‏‏‏وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَوْفٍ فِي الْجَنَّةِ وَلَوْ شِئْتَ لَسَمَّيْتُ الْعَاشِرَ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ فَقَالُوا:‏‏‏‏ مَنْ هُوَ ؟ فَسَكَتَ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ فَقَالُوا:‏‏‏‏ مَنْ هُوَ ؟ فَقَالَ:‏‏‏‏ هُوَ سَعِيدُ بْنُ زَيْدٍ۔

ترجمہ۔
عبدالرحمٰن بن اخنس سے روایت ہے کہ وہ مسجد میں تھے، ایک شخص نے علی رضی اللہ عنہ کا ( برائی کے ساتھ ) تذکرہ کیا، تو سعید بن زید رضی اللہ عنہ کھڑے ہو گئے اور فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کہ میں نے آپ ﷺ کو فرماتےہوئے سنا: دس لوگ جنتی ہیں: ابوبکر جنتی ہیں، عمر جنتی ہیں، عثمان جنتی ہیں، علی جنتی ہیں، طلحہ جنتی ہیں، زبیر بن عوام جنتی ہیں، سعد بن مالک جنتی ہیں اور عبدالرحمٰن بن عوف جنتی ہیں اور اگر میں چاہتا تو دسویں کا نام لیتا، وہ کہتے ہیں: لوگوں نے عرض کیا: وہ کون ہیں؟ تو وہ خاموش رہے، لوگوں نے پھر پوچھا: وہ کون ہیں؟ تو کہا: وہ سعید بن زید ہیں۔
رواہ ابو داؤد (4649)  ۔

:عشرہ مبشرہ کی فضیلت اور خصوصیت

یہ دس صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین نبی اکرم ﷺ کے انتہائی قریب، خاص تربیت یافتہ اور اعلیٰ درجات کے حامل تھے۔ اپنی تقویٰ، عدالت، شجاعت اور سخاوت کی وجہ سے امت میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ ان کی زندگیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں ان کی زندگیوں سے ہمیں دین کی اعلیٰ اقدار سیکھنے کو ملتی ہیں۔ اور ان کی سیرت سے ہمیں حق پر ثابت قدم رہنے، دین کی خدمت کرنے اور آخرت کی تیاری کی بہترین تعلیم ملتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

Abu Bakr al-Siddiq حضرت ابوبکر صدیقؓ

حضرت ابوبکر صدیقؓ رسول اللہ ﷺ کے قریبی دوست اور اسلام قبول کرنے والے اولین صحابہؓ میں سے تھے۔ آپؓ انتہائی نرم مزاج اور مسلمانوں کے پہلے خلیفہ راشد تھے۔ آپؓ اپنی سچائی، دیانت داری اور قربانی کے لیے مشہور تھے۔ اپؓ نے اسلام کی خدمت اور مسلمانوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔

Umar ibn al-Khattab حضرت عمر بن خطابؓ

حضرت عمر بن خطابؓ جلیل القدر صحابی رسولﷺ اور اسلام کے دوسرے خلیفہ راشد تھے۔ آپؓ اپنی عدل و انصاف، سچائی، حق گوئی بہادری اور مضبوط قیادت کے لیے مشہور تھے۔ آپؓ کے دورِ خلافت میں فتوحات اور اسلامی ریاست کا دائرہ بہت وسیع ہوا اوربہت سے اہم اصلاحات نافذ کی گئیں۔ اسلام کی تاریخ میں آپ کا مقام بلند ہے۔

Usman ibn Affan حضرت عثمان غنیؓ

حضرت عثمان غنیؓ رسول اکرم ﷺ کے جلیل القدر صحابی اور اسلام کے تیسرے خلیفہ راشد تھے۔ آپ ایک کامیاب تاجر، انتہائی سخی، نرم دل اور عبادت گزار شخصیت تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی دو بیٹیوں کو اپؓ کے نکاح میں دیں۔ اس لیے آپؓ کو ذوالنورین کہا جاتا ہے۔ پہلی مرتبہ آپؓ کے دور میں قرآن مجید کے نسخوں کی تدوین ہوئی۔

Ali ibn Abi Talib حضرت علی بن ابی طالبؓ

حضرت علی بن ابی طالبؓ جلیل القدر صحابی رسولﷺ، اورمسلمانوں کے چوتھے خلیفہ راشد تھے۔ اپ رسول اللہ ﷺ کے چچا زاد بھائی اور داماد تھے۔ بہادری، علم اور عدل کے لیے مشہور تھے۔ بہت سے غزوات میں نمایاں کردار ادا کیا اور اسلام کی خدمت میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ اپنی بہادری کی بنا پراپ شیر خدا کے لقب سے مشہور تھے۔

Talha ibn Ubayd Allah حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ

حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ جلیل القدر صحابی رسولﷺ تھے۔ آپ کا شمار ابتدائی مسلمانوں میں سے ہے۔ غزوۂ احد میں آپ نے بہادری سے رسول اللہﷺ کا دفاع کیا اور بڑی قربانیاں دیں۔ آپ عظیم مجاہد، تاجر، سخاوت، شجاعت اور اخلاص کے لیے مشہور صحابی تھے۔

Zubayr ibn al-Awwam حضرت زبیر بن عوامؓ

حضرت زبیر بن عوامؓ نبی کریم ﷺ کے جلیل القدر صحابی اور قریبی رشتہ دار تھے۔ ابتدا میں مسلمان ہوئے اور اپﷺ سے بہت وفاداری تھی۔ آپ عظیم جنگجواوربہادری کے لیے مشہور تھے۔ کئی غزوات میں حصہ لیا اوراس میں نمایاں کردار ادا کیا۔حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ

Abdur Rahman ibn Awf حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ

حضرت عبدالرحمان بن عوفؓ نبی کریم ﷺ کے جلیل القدر صحابی اور عشرہ مبشرہ میں شامل تھے۔ ابتدا میں اسلام قبول کیا تھا۔ حضورﷺ کے ساتھ ہجرت مدینہ میں بھی شریک ہوئے۔ کاروبار میں ماہر ایک کامیاب تاجر، انتہائی مالدار اور سخاوت کی وجہ سے مشہور تھے۔

Saad ibn Abi Waqqas حضرت سعد بن ابی وقاصؓ

حضرت سعد بن ابی وقاصؓ جلیل القدر صحابی رسول ﷺ اور عشرہ مبشرہ میں شامل تھے۔ آپ نے بھی ابتدا میں مسلمان ہوئے تھے اور اسلام کے لیے بڑی قربانیاں پیش کی تھی۔ آپ عظیم جنگجواور تیر اندازی میں ماہر تھے بہت سے غزوات میں حصہ لیکر اسلامی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ اپ پہلی مرتبہ ایران کو فتح کرنے والے سپہ سالارتھے۔

Said ibn Zayd حضرت سعید بن زیدؓ

حضرت سعید بن زیدؓ انصاف پسند، نیک سیرت، جلیل القدر صحابی رسولﷺ اور حضرت عمرؓ کے بہنوئی تھے۔ عشرہ مبشرہ میں ان کا نام بھی شامل ہے۔ آپ نےبھی ابتدا میں اسلام قبول کیا۔ اسلام کی خدمت، تقویٰ اور سادگی کے لیے مشہور تھے اور ہمیشہ حق کا ساتھ دیتے رہے۔

Abu Ubaydah ibn al-Jarrah حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ

حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ جلیل القدر صحابی رسول ﷺ، عظیم فوجی جرنیل اور عشرہ مبشرہ میں شامل تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے انہیں امت کا امین قرار دیا۔ آپ نہایت دیانت دار، بہادر اور متقی تھے۔ اسلامی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا اور شام کے گورنر بھی رہے۔

رسول اللہ ﷺ نے عشرہ مبشرہ کے علاوہ بھی کئی دیگر صحابہ کرام کو جنت کی بشارت دی تھی۔ ان میں سے چند مشہور نام درج ذیل ہیں

حضرت بلال بن رباح رضی اللہ عنہ

آپ ﷺ نے فرمایا، اے بلال! مجھے جنت میں تمہارے جوتوں کی آواز سنائی دی۔ (صحیح بخاری)

حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ

رسول اللہ ﷺ نے انہیں جنت کا مژدہ سنایا۔ (صحیح بخاری)

حضرت عکاشہ بن محصن رضی اللہ عنہ

آپ ﷺ نے فرمایا، تم جنت میں بغیر حساب کے داخل ہو گے۔ (صحیح مسلم)

حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ

آپ کو جنت کی خوشخبری دی گئی۔ (سنن ترمذی)

حضرت خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا

رسول اللہ ﷺ نے انہیں جنت میں ایک عمدہ گھر کی بشارت دی۔ (صحیح بخاری)

حضرت فاطمہ بنت رسول اللہ ﷺ

آپ ﷺ نے فرمایا، فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہیں۔ (صحیح بخاری)

حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ

آپ ﷺ نے فرمایا، حسان کی مدد روح القدس (جبرائیل) کرتے ہیں۔ (صحیح بخاری)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ

کئی احادیث میں ان کی جنت میں بلند مقام کی بشارت سنائی ہے۔ ان کے علاوہ بھی کئی صحابہ کو مختلف مواقع پر جنت کی خوشخبری دی گئی، لیکن عشرہ مبشرہ وہ ہیں جن کو نبی ﷺ نے صراحتاً جنت کی بشارت دی۔ باقی صحابہ میں سے بعض کو خصوصی فضیلت یا جنت میں بلند مقام کی نوید سنائی گئی۔

!اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ان نیک بندوں کی صحبت اور شفاعت نصیب فرمائے۔ آمین
نوٹ اس پیغام کو دوسروں کے ساتھ شئیر کیجیے تاکہ اللہ کسی کی زندگی کو آپ کے ذریعے بدل دے

Similar Posts